دوحہ،22اپریل(ایجنسی) امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس ہفتے کے روز قطر کے دورے پر دوحہ پہنچے ہیں جہاں انھوں نے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور شام میں جاری بحران سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
امریکی وزیر دفاع امیر قطر کے بعد اپنے قطری ہم منصب خالد بن
العطیہ سے ملاقات کرنے والے تھے۔ان کے درمیان داعش کے خلاف جنگ ،شام میں جاری بحران اور خطے میں ایران کے کردار ایسے موضوعات پر بات چیت متوقع تھی۔جیمز میٹس نے خطے میں ایران کے کردار کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والا قرار دیا ہے۔
قطر میں امریکا کا مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑا فضائی اڈا ہے۔جیمز میٹس خطے کے ملکوں کے دورے پر ہیں۔اس سے پہلے انھوں نے سعودی عرب ،مصر اور اسرائیل کا دورہ کیا ہے اور وہ اتوار کو جیبوتی جائیں گے۔